1. ہوم/
  2. مفردات/
  3. آلو بخارہ

آلو بخارہ

آلو بخارہ ایک مشہور عام درخت کا گرمیوں کا پھل ہے۔ جو ہمیں جون سے اگست تک میسر ہوتا ہے، انتہائی خوش ذائقہ اور خوشنما پھل ہے جس کو کیا بڑے اور کیا چھوٹے سب ہی پسند کرتے ہیں۔ آلو بخارا پاکستان بھارت افغانستان اور ایران میں پایا جاتا ہے یہ سرخی مائل بہ سیاہی ہے اور ذائقے میں ترش چاشنی دار ہوتا ہے۔ تازہ حالت میں پختہ سیاہ شیریں اور چمکدار ہوتا ہے لیکن خشک ہونے پر یہ جھری دار سیاہ ہو جاتا ہے اس کے اندر بادام کی طرح کی ایک گھٹلی ہوتی ہے۔ اس کو سکھا کر مختلف پکوانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

آلو بخارا میں وٹامن اے، وٹامن بی، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے، اور گلوکوز پایا جاتا ہے اس کے علاوہ اس میں کیلشیم، آئرن، پوٹاشیم، سوڈیم، فاسفورس، زنک اور میگنیشم بکثرت پائے جاتے ہیں۔

مزاج، درجہ اول میں سرد تر ہے۔

فوائد اور استعمال

آلو بخارا کھانے کی وجہ سے جسم میں آئرن کو جذب کرنے میں مدد کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے، یہ صلاحیت اس پھل میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے ہے آلو بخارا میں موجود فولاد خون کے سرخ ذرات کی تشکیل کے لیے انتہائی مفید ہے یہ جسم میں خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے اور خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔

جسم سے نقصان دہ مادوں کو خارج کرتا ہے۔ یہ جسم دوست بیکٹیریا کو بڑھا کر نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے بدہضمی اور بھوک کی کمی میں بہت مفید ہے۔

جوش خون کو تسکین دیتا ہے پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ صفراوی بخاروں اور گرمی کے سردرد میں نہایت مفید ہے۔ طبیعت کو نرم کرتا ہے۔ پیٹ کے کیڑوں کو مارتا ہے۔ متلی میں مفید ہے۔

آلو بخارا جلد اور چہرے کی شادابی کے لیے انتہائی موثر ہے۔ بلڈ پریشر کو نارمل رکھتا ہے اور شوگر کے مریض اسے بلا خوف استعمال کر سکتے ہیں۔

دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے آرٹریز میں اگر فیٹ جمع ہونا شروع ہوجائیں تو بہت مفید ہے، آلو بخارا کے جوس کا آدھا کپ جسم کو 3 ملی گرام آئرن فراہم کرتا ہے۔

فائبر سے بھرپور پھل آنتوں کے افعال کو بہتر کرکے قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ایک آلو بخارے میں ایک گرام برابر ہوتا ہے جو جسم کے لئے مناسب مقدار ہے۔

قبض میں انتہائی مفید ہے۔ پوٹاشیم کے استعمال سے بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور امراض قلب اٹیک فالج اور ایپیلیپسی جیسے امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

وٹامن اے کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے جن افراد کو بینائی کی کمزوری کی شکایت ہو ان کے لئے آلو بخارا بہترین دوا کا کردار ادا کرتا ہے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ یہ بالوں کی نشوونما اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بھی مفید ہے۔

شربت املی آلو بخارہ

آلو بخارا 500گرام، املی 50 گرام، چینی ایک کلو گرام، پانی دو لیٹر۔

ترکیب تیاری

آلو بخارا اچھی طرح دھو کر املی کے ساتھ پانی میں ڈالیں اور پکنے کے لیے رکھ دیں دو چار جوش آنے پر اتار لیں اور چھان لیں تاکہ گھٹلیاں اور چھلکا علیحدہ ہوجائے۔ اب اس میں چینی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ قوام کی حالت میں آ جائے تو چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے پر خشک بوتل میں محفوظ کرلیں۔

ترکیب استعمال

ایک گلاس پانی میں دو سے تین چمچ شربت ڈال کر دن میں دو سے تین بار استعمال کریں۔

مفرح اور لذیذ ہے صفراء کو خارج کرتا ہے۔ جسم کی گرمی کو اعتدال پر لاتا ہے۔ پیشاب کی جلن ختم کرتا ہے بھوک بڑھاتا ہے۔ سستی ختم کرتا ہے چہرے کی چھائیوں میں مفید ہے۔ دل کی دھڑکن کو اعتدال پر لاتا ہے۔

نوٹ: سرد مزاج والے اور اعصابی دردوں والے حضرات شربت املی آلو بخارہ استعمال نہ کریں۔