1. ہوم/
  2. مضامین/
  3. قے، ابکائی، متلی

قے، ابکائی، متلی

قے ابکائی متلی تین مختلف کیفیات ہیں یہ معدے کی وہ غیر ارادی حرکت ہے جس میں منہ کے راستے معدہ کی اشیاء کا اخراج ہوتا ہے۔ دماغ میں میڈولا کے مقام پر ایک خاص سنٹر ہے۔ جس کا تعلق chemoreceptor tri zone سے ہوتا ہے۔ جب اس مرکز کو تحریک پہنچتی ہے تو منہ میں لعاب بکثرت پیدا ہوتا ہے۔ جب یہ لعاب معدہ میں اترتا ہے تو معدہ میں تحریک پیدا ہوجاتی ہے۔ جس سے وہ پھول جاتا ہے۔

اس دوران منہ کی طرف خوراک کی نالی کا سوراخ کمزور پڑ جاتا ہے۔ جبکہ معدہ کا چھوٹی آنت سے منسلک سوراخ پائیلورس کے مقام پر سخت تناو سے تنگ ہو جاتا ہے۔ جب یہ تناو معدہ میں پہنچتا ہے تو وہ بار بار سکڑتا اور پھیلتا ہے۔ پائیلورس کے مقام پر راستہ بند ہونے کی وجہ سے مواد منہ کے راستے باہر نکل آتا ہے۔ جسے الٹی یا قے کہتے ہیں۔

ابکائی قے اور متلی سے قبل کی حالت ہے اس میں دل کچا اور طبیعت بے چین ہوتی ہے اور بعض اوقات ڈکار آ کر یہ کیفیت ختم ہو جاتی ہے متلی میں قے کی طرح کوئی چیز نہیں نکلتی صرف ترش پانی نکلتا ہے۔

اسباب

اخلاط میں سے کسی ایک خلط یا غذا کا فاسد ہو جانا۔ معدہ میں خراب اور ردی مواد کا جمع ہونا، معدہ کا ورم، معدہ کے مزاج میں خرابی، نشہ آور ادویات اور اشیاء کا استعمال، بعض حساس طبعیتوں میں ریل، گاڑی، بس اور جہاز کے سفر کے دوارن، گندی اور خراب فضا میں سانس لینے سے بھی ایسی کیفیات پیدا ہو جاتی ہیں۔ ناقص غذا اور کسی شدید درد سے بھی متلی اور الٹی کی کیفیت ہو جاتی ہے۔ تلی اور میٹھی اشیاء بھی دیر ہضم ہونے کی وجہ سے ایسی ہی کیفیات پیدا کر دیتی ہیں۔ حاملہ خاتون بھی ابتدا میں اکثر اس کیفیت سے دوچار رہتی ہے۔

تشخیص

یہ اعصابی عضلاتی تحریک کا مرض ہے۔ اس کا علاج عضلاتی اعصابی سے عضلاتی غدی تک کیا جاتا ہے۔

علاج

اگر کسی ناقص غذا کے کھانے سے طبیعت خراب ہو تو فاقہ بہت اہم ہے۔ کھائی گئی غذا کے ہضم ہونے تک مزید خوراک نہ لی جائے۔ پانچ سے چھ گھنٹے کچھ نہ کھائیں۔

ادرک کا پانی ایک چمچ، لیموں کا پانی ایک چھوٹا چمچ مکس کریں۔ تھوڑا سا کالا نمک ملا کر تھوڑا تھوڑا پلائیں۔ فوری طور پر اثر دکھاتا ہے۔

پودینہ خشک، الائچی کلاں، اناردانہ تینوں چیزوں کا قہوہ پکا کر استعمال کرنے سے بھی ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور معدہ کا اچھال ختم ہو جاتا ہے۔

جوارش انارین ہمدرد، جوارش کمونی ہمدرد، جوارش آملہ ہمدرد تینوں کو ملا کر آدھی آدھی چمچ تھوڑے سے نیم گرم پانی سے کھلاتے رہیں۔ مستقل علاج ہے۔

امرت دھارا کے تین سے چار قطرے ایک کپ پانی میں ڈال کر پینے سے فوری افاقہ ہوتا ہے۔

نسخہ ہاضمونہ سفوف

اجوائین دیسی، پودینہ خشک، دارچینی، کچری انڈیا، سوڈا بائیکارب، نمک خوردنی، کالانمک، سونف، فلفل دراز، فلفل سیاہ، زنجبیل

کوٹ چھان کر سفوف بنا لیں۔ آدھی آدھی چمچ دن میں تین سے چار بار نیم گرم پانی یا سادہ پانی سے کھائیں۔ تیزابیت، قے متلی اور ڈاکار کی کثرت میں مفید ہے۔ کھانا خوب ہضم کرتا ہے۔ جگر کو طاقت دیتا ہے۔ پیٹ میں درد میں انتہائی موثر ہے۔ فوری اثر دکھاتا ہے۔