1. ہوم/
  2. مضامین/
  3. فالسہ

فالسہ

طبی ماہرین نے فالسہ کو موسم گرما کا بہترین پھل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فالسے کا استعمال گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے پیاس بجھانے کیسا تھ ساتھ معدے کے السر اور شوگر کے مریضوں کیلئے بہت فائدے مند ہے۔ یرقان کے مریضوں کےلئے بھی مفید ہے اور بلڈ پریشر کنٹرول کرتا ہے۔ خصوصاً لُو لگنے کی صورت میں اس کا استعمال بے حد مفید ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق فالسہ معدے کی گرمی، سینے کی جلن، مسوڑھوں سے خون آنا، معدے کے السر اور شوگر کے مریضوں کیلئے بہت فائدے مند ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ فالسہ معدے اور جگر کو تقویت دینے کے علاوہ جسم سے گرمی کا اخراج کرتا ہے، اسی طرح قے اور ہچکی کے مرض کو بھی دور کرتا ہے۔

خصوصاً لو لگنے کی صورت میں اس کا استعمال بےحد مفید ہے، ماہرین کہتے ہیں کہ ترش اور نیم پختہ فالسے کا استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے، اسی لیے ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا فالسہ استعمال کرنا چاہئیے۔

موسم گرما میں فالسے کا شربت ایک تحفہ سے کم نہیں اس کے بنانے اور محفوظ کرنے کا طریقہ درج ذیل ہے۔

اجزاء

فالسہ آدھا کلو

پودینہ حسب ضرورت

چینی ایک کلو

ترکیب تیاری

ایک کھلے برتن میں فالسہ ڈال کر اسے خوب اچھی طرح سے مسل لیں (یا بلینڈر سے بلینڈلیں) اور پھر پانی ڈال کر باریک کپڑے میں چھان لیں۔ اس کے بعد اس میں چینی ڈال کر پکائیں اور جب ایک تار بن جائے تو اتار لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر شیشے کی صاف بوتل میں محفوظ کر لیں اور بوقت ضرورت استعمال کر تے رہیں۔ فالسے کا یہ شربت جگر کے لئے بے حد مفید ہو تا ہے اور دل و دماغ کو تاز گی و فرحت عطا کر تا ہے۔ ذائقے سے بھر پور شر بت ہو تا ہے۔ یہ شربت مقوی معدہ و دل ہوتا ہے، جگر کی حرارت کو تسکین دیتا ہے، قے، دستوں اور پیاس کو فائدہ دیتا ہے جن کا معدہ بوجھل رہتا ہو طبیعت متلاتی ہو اور کھانے کی نالی میں جلن محسوس ہوتی ہوتویہی شربت تین بڑے چمچے ہر کھانے کے بعد چاٹنے سے بے حد فائدہ ہوتا ہے۔ شربت فالسہ میں اگر عرق گلاب ڈال کر پیا جائے تو اس کے فوائد دگنے ہو جاتے ہیں۔

گرمی کی آمدکے ساتھ ہی کچھ ایسی قدرتی چیزیں بھی اس موسم میں آتی ہیں جو گرمی کے توڑ کے لئے بے حد مفید ہیں۔ انھی میں سے ایک فالسہ بھی ہے جو گرمی کے نقصان دہ اثرات سے بچاتاہے۔ گرمی سے پریشان ہونے کے بجائے ہمیں اس سے بچاؤ کے لئے تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ فالسے کے غذائی اجزاء اینٹی آکسیڈنٹ کے حامل ہوتے ہیں۔ فالسے میں پوٹاشیم کی اعلیٰ مقدار، تھوڑی مقدار میں سوڈیم، وٹامن سی، کیلشیم، فاسفورس اور فائبر جیسے اہم غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ فالسہ نہ صرف موسم گرما میں ٹھنڈک کے اثر کے لئے استعمال کیاجاتاہے بلکہ اسکے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔

فالسہ صحت کے مختلف مسائل کے لئے استعمال کیاجاتاہے، جو درج ذیل ہیں

1۔ یہ دل، جگر اور معدہ کی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔

2۔ دل کی بیماری کے علاج میں پکے ہوئے فالسے کے رس میں پانی، سونٹھ اورچینی ملاکر پینا چاہئے۔

3۔ عمل انہضام کے مسائل جیسے تیزابیت، اور بدہضمی جیسے مسائل دور کرتاہے۔

4۔ خون صاف کرتاہے سوزش، اور خون کے انتشار میں بہترین ہے۔

5۔ دمہ، نزلہ زکام، کھانسی اورگلے کی سوزش سے نجات دلاتاہے۔

6۔ گرمی کے بخار اور سینہ و معدہ اور پیشاب کی سوزش کو دور کرتاہے۔

7۔ گرمی میں لگنے والی پیاس کی شدت سے تسکین دیتاہے۔

8۔ گرمی کے باعث ہونے والی دل کی گھبراہٹ دور کرنے میں فالسہ اہم کردار ادا کرتاہے۔

9۔ قبض سے نجات کے لئے فالسے کو گٹھلیوں کے ساتھ استعمال کرناچاہئے۔

10۔ فالسے کا شربت، گرمی کی زیادتی، بلڈ پریشر اور پیشاب کی تکلیف دور کرنے میں مفید ہے۔

11۔ متلی اورقے کو ختم کرتاہے۔

12۔ فالسے کا پانی پینے سے پیشاب میں آنے والا خون رک جاتاہے۔

13۔ ہچکی اور تپ دق کے مریضوں کے لئے بھی فالسے کا استعمال شفاء کا باعث ہے۔

14۔ جگر اور پتے کے مسائل دور کرتاہے۔

15۔ سن اسٹروک اور اینیمیا سے بچاتاہے۔

16۔ کولیسٹرول کو کم کرنے میں بہترین ہے۔

17۔ فالسے کے پتوں کا پیسٹ جلدکے انفیکشن، جیسے ایگزیما، اور دیگر زخموں کو شفادیتاہے۔

18۔ فالسے کے بیج سوزاک اور فرٹیلیٹی مسائل کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔

معالجاتی استعمال

آج ہم آپ کوبتائیں گے فالسے کے شربت کی ایسی تراکیب جسے آپ اپنی بیماریاں دورکرنے میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

1۔ شوگر کے لئے، آدھاکپ فالسہ کوٹ کر رات کوایک گلاس پانی میں بھگودیں۔ صبح چھان کرخالی پانی پی لیں۔ آمیزہ پھینک دیں۔

2۔ پیٹ درد، فالسہ آدھاکپ، اچٹکی اجوائن، سفید زیرہ بھناہواآدھاچمچ، کالانمک ایک چٹکی تمام اجزاء کوبلینڈکرکے پی لیں۔ درد دور ہوجائے گا۔

3۔ قبض کے لئے، فالسہ آدھاکپ، ادرک ایک چھوٹاٹکڑا، کالانمک ایک چٹکی، زیرہ آدھاچمچ بلینڈکریں اورپی لیں قبض کامسئلہ حل ہوجائے گا۔

4۔ موشن، آدھاکپ فالسے کوایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈ کرکے چھان کر اسمیں ایک چمچ بھیگاہواتخم بلنگا ملاکرپی لیں۔ موشن رک جائیں گے۔

5۔ دل کے امراض، آدھاکپ فالسہ، مصری ایک چمچ، سونف آدھاچمچ، عرق گلاب دوچمچ ان تمام اجزاء کوبلینڈ کرکے پینے سے بلڈ پریشرکم ہوتاہے۔ یہ شربت معدے، جگر اوردل کوطاقت دیتاہے۔

6۔ بخار کیلئے، فالسہ آدھاکپ لے کرایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈ کرکے چھان کر پسی سونف ایک چائے کاچمچ ملاکر پی لیں توبخار اتر جائے گا۔

7۔ یوٹی آئی، آدھاکپ فالسہ لے کرایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈ کرکے چھان لیں پھر اسمیں ایک چمچ زیرہ پساہواشامل کریں اورپی لیں۔

8۔ ہیٹ اسٹروک، آدھاکپ فالسہ ایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈ کرکے چھان کراسمیں کالانمک ایک چٹکی، کالی مرچ ایک چٹکی، آدھاچمچ پساہوازیرہ شامل کریں اورپی لیں۔

حکیم عمر عطاری

حکیم عمر عطاری ہربل اسپشلسٹ اور ماہر علم الادویہ ہیں۔ حکیم صاحب سے رابطہ [email protected] پہ کیا جا سکتا ہے۔