عربی حبتہ السودا، فارسی شو نیز، انگریزی balck cumin.
اس کا پودا سونف کے پودے کی مانند ہوتا ہے لیکن اس کی شاخیں زیادہ باریک ہوتی ہیں۔ اسے قریباََ تین انگل لمبی پھلیاں لگتی ہیں جن کے پک جانے پر ان میں سے تخم پیاز کے مشابہ سہہ پہلو تخم نکلتے ہیں۔
رنگ بیرونی سطح سیاہ مغز سفید مرغن ہوتا ہے، ذائقہ پھیکا، مزاج گرم خشک، مقدار خوراک ایک ماشہ سے تین ماشہ تک۔
افعال و استعمال
کاسر ریاح مقوی معدہ مدر بول مدر حیض اور قاتل کرم شکم ہے۔ معدہ کے امراض کے لئیے اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔
معدے اور پیٹ کی خرابی بے شمار بیماریوں کی جڑ ہے۔ ہمارے ہاں غذائی کمی اور ناقص خوراک کے باعث آبادی کا ایک بڑا حصہ معدے کے مسائل میں مبتلا رہتا ہے۔ نظامِ ہضم کی درستگی کے لیے ادویات کی اتنی بڑی مقدار فروخت ہوتی ہے کہ شمار ممکن نہیں۔ ہر گلی کوچے میں پیٹ درد، گیس اور بدہضمی کے لیے مختلف "ہاضم چورن" اور گولیوں کے اشتہارات نمایاں نظر آتے ہیں۔
مگر حقیقت یہ ہے کہ کلونجی نظامِ ہضم کی اصلاح کے لیے ایک اکسیر درجہ رکھتی ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال نہ صرف گیس، ریاح اور بدہضمی کا خاتمہ کرتا ہے بلکہ معدہ کو مضبوط اور فعال بناتا ہے۔
جن افراد کو کھانے کے بعد گیس یا ریاح کی شکایت ہو، وہ کلونجی کا سفوف تیار کرکے رکھیں اور کھانے کے بعد (دوپہر و شام) تین تین گرام تازہ پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ چند دن کے استعمال سے واضح فرق محسوس ہوگا۔
جو لوگ مختلف ہاضم گولیاں اور چورن کھانے کے عادی ہیں، وہ اگر کلونجی کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کر لیں تو ان مصنوعی ادویات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
امراض معدہ کے لئیے ایک موثر نسخہ "ہاضمونہ کلونجی پلس"۔
سنڈھ، زیرہ سفید، کلونجی، اجوائن دیسی، مرچ سیاہ، فلفل دراز، سونف، نمک سیاہ، سوڈا بائیکارب۔ سفوف بنا لیں۔ آدھا آدھا چمچ دن میں نیم گرم پانی سے کھائیں۔
کلونجی صرف معدے کے لیے ہی نہیں، بلکہ دیگر کئی امراض میں بھی نہایت مؤثر ہے، مثلاً: پیٹ کے کیڑے، چہرے کی رنگت نکھارنے میں، کیل مہاسے، اعصابی و ذہنی دباؤ موٹاپا کھانسی، بلغم، نزلہ و زکام، بلند فشارِ خون (بلڈ پریشر) منہ کے چھالے۔
جوڑوں کے درد میں سورنجاں شیریں 25 گرام، چوب چینی 25 گرام پیس لیں۔ پھر اس میں کلونجی 50 گرام اور جوکھار 20 گرام ملا لیں۔ صبح شام تازہ پانی سے کھائیں۔
روغن کلونجی
روغن کلونجی کی پانچ سے دس قطرے دودھ میں ڈال کر پینے سے تناؤ، سر درد، بلڈ پریشر تیزابیت عام جسمانی کمزوری اور قبض میں شفاء ملتی ہے۔ سر میں لگانے سے بالوں کو لمبا گھنا مضبوط ملائیم اور خوبصورت بناتا ہے۔
ورم طحال میں کریلوں کا پانی نکال لیں اور دو تولہ پانی میں روغن کلونجی کے پانچ قطرے ملا کر پی لیں۔
موہکوں والی بواسیر۔ برگ مہندی 50 گرام، روغن زیتون 150 لیٹر میں ابال لیں۔ رات کو کلونجی کے پانچ قطرے ملا کر بواسیری مسّوں پر لگائیں۔ راحت پائیں گے۔
پینے اور سر میں لگانے دونوں صورتوں میں مضر ضمنی اثرات سے قطعی پاک ہے۔