1. ہوم/
  2. مضامین/
  3. لیموں کے خواص اور جادوئی پھکی

لیموں کے خواص اور جادوئی پھکی

بہترین لیموں وہ ہے جس کا چھلکا کاغذی ہو اور رس سے بھرا ہوا ہو۔ میرا دعویٰ ہے جو آج آپ کو لیموں کے فوائد بتا رہا ہوں آپ نے آج سے قبل نہ ایسے خواص سنے ہوں گے نہ پڑھے ہوں گے۔ ایک جادوئی پھکی کا وعدہ تھا، وہ بھی شامل کر رہا ہوں۔ یہ پھکی ہمارے پیر خانے کا فیض ہے جو تقریباً ایک سو دس سال سے بن رہی ہے اور مفت بٹ رہی ہے۔ آج میرے سینے کا اہم راز آپ لوگوں کی نظر۔ دعاؤں کی درخواست۔

افادیت

لیموں کا مزاج گرم ہوتا ہے ذائقے میں ترش ہوتا ہے مگر اس کا اثر کھارا ہوتا ہے اور یہ کمال ہاضم ہوتا ہے مشتہی بھوک بڑھانے والا ہوتا ہے، مدر بول پیشاب جاری کرنے والا ہوتا ہے۔ لیموں متلی قے، دست، ہیضہ، پیٹ درد، اور ہچکی کی صورت نہایت مفید ہوتا ہے اور یہ بخار بھی کم کرتا ہے لیموں سے پیٹ کے کیڑے بھی مرجاتے ہیں یہ گلا خراب ہونے اور کھانسی اور سانس پھولنے میں بھی مفید ہے۔

لیموں امراض قلب میں بہت ہائی لیول کا مقوی قلب ہوتا ہے یہ دل کی بے اعتدالی اور بے ترتیب دھڑکن کو ترتیب میں لاتا ہے اور گھبراہٹ دور کرتا ہے۔ اس سے امراض چشم بھی دور ہوتے ہیں اور آنکھوں کی بینائی بہتر کرتا ہے اس کے استعمال سے بڑھی ہوئی تلی بھی اپنی جگہ واپس آتی ہے جسم میں کسی جگہ بھی سیلان خون کا مسئلہ ہو تو لیموں بہت افاقہ دیتا ہے۔ مصفی خون ہونے کی وجہ سے جلدی امراض میں بھی فائدہ مند ہے جسے پھوڑے، پھنسی، چہرے کے مہاسے، داد، خارش، ایگزیما وغیرہ۔

معالجاتی استعمال

معالجاتی استعمال میں لیموں ہمشہ پیلے رنگ میں لینا چاہیے سبز رنگ میں نہیں۔

بدہضمی اور بھوک کا لگنا

لیموں کے رس میں تھوڑا سا کالا نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ ملا کر پینے سے اور لیموں پر نمک اور کالی مرچ لگا کر چوسنے سے بد ہضمی دور ہوتی ہے اور بھوک کمال لگتی ہے۔ ادرک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر نمک سیندھا اور لیموں ڈال کر کھانے سے بھوک کی کمی دور ہوتی ہے اور چند دنوں میں خوب بھوک لگتی ہے۔

متلی قے کھٹے ڈکار

ٹھنڈے پانی میں شہد یا چینی گھول کر لیموں ملا کر پینے سے متلی اور قے بند ہوتی ہے جس کو ہم سکنجبین کہتے ہیں۔ دوران سفر لیموں چوسنے سے قے نہیں آتی ہے خاص کر پہاڑوں کے سفر کے دوران لیموں کا استعمال آپ کو متلی نہیں ہونے دے گا اسی طرح اس کو نمک ڈال کر چوسنے سے کھڑی ڈکاریں بھی بند ہوتی ہیں۔

ہچکیاں آنا

لیموں کے رس میں کالا نمک اور شہد ملا کر پینے سے ہچکیاں بند ہو جاتی ہیں۔

قبض

رات کو کو اک گلاس پانی میں بارہ گرام چینی اور بارہ گرام لیموں کا رس ملا کر پینے سے پیٹ صبح صاف ہو جائے گا مسلسل استعمال دائمی قبض کو بھی فائدہ دے گی۔

پیٹ میں کیڑے

لیموں کے چھلکوں کا کاڑھا بنا کر چھان کر پینے سے کیڑے مر جاتے ہیں اور مردہ کیڑے براز کے ذریعے باہر آ جاتے ہیں۔

دانت کا درد

لونگ کو سفوف کر کے لیموں کے ساتھ ملا کر دانتوں پر لگانے سے حیرت انگیز طور پر دانتوں کا درد ختم ہو جاتا ہے۔

دست

لیموں کی سکنجبین دست آنے میں بہت زیادہ مفید ہے نمک سیندھا استعمال کریں۔

ہیضہ

ہر روز دو وقت کھانے کے ساتھ سکنجبین استعمال کریں اور سبز پودینہ کے پتے اور پیاز کا رس تھوڑا ملائیں اور لیموں تینوں چیزوں کے استعمال سے ان شاءاللہ ہیضہ جیسے موذی مرض سے چھٹکارا پا لیں گے۔

خونی بواسیر

250 ملی لیٹر ہلکے گرم دودھ میں فوری لیموں کے قطرے ڈال کر پی لیں دن میں چار چار گھنٹے کے وقفے سے پئیں خونی بواسیر میں افاقہ ہوگا۔

منہ کے چھالے اور مسوڑھے پھولنا

تازہ پانی میں لیموں کا رس نچوڑ کر اس سے منہ بھر کر اچھی طرح سے کلی کرنے سے بہت فائدے ہوتا ہے اور سوجن بھی نہیں رہتی ہے اور منہ کی بدبو بھی ختم ہو جاتی ہے۔

پائیوریا

اس کے لئے تل کا تیل سو ملی لیٹر لیموں کا رس بیس گرام کافور پانچ گرام ان کے ساتھ تھوڑا سیندھا نمک ملائیں اور منجن بنا لیں پائیوریا میں بہت فائدے مند ہے۔

پیلا یرقان

گنے کے رس میں لیموں ملا کر پینے سے پہلے یرقان کے لئے حیرت انگیز خوبیوں کا حامل ہے۔

جسمانی کمزوری

چالیس گرام کشمش چھ منقے چھ بادام چھ پستے رات کو کانچ کے برتن میں پانی ڈال کر بھگو دیں صبح پیس کر چھان کر اس میں ایک چمچ شہد اور اک لیموں نچوڑ کر پی جائیں جسمانی اور دماغی تھکان دور ہو جاتی ہے۔

سستی

صبح اک گلاس پانی میں شہد اور لیموں ڈال کر پینے سے سارا دن چستی میں گزرے گا۔

موٹاپہ

دونوں وقت اک گلاس نیم گرم پانی میں شہد اور لیموں ڈال کر پینے سے چربی پر بہت گہرا اثر پڑتا ہے کیلوریز کو برن کرتا ہے اور موٹاپہ دور ہوتا ہے۔

چہرے کی بدصورتی

چہرے کی بدصورتی دور کرنے کے لئے لیموں کے رس عرق گلاب اور گلیسرین تینوں برابر مقدار میں لیں اور رات سونے سے قبل چہرے پر مل لیں۔ آپ یقین کریں اتنا فائدہ اور رزلٹ ملے گا یاد رکھیں گے۔

خارش

دو حصہ ناریل تیل اک حصہ لیموں کا جوس ملا لیں اور متاثرہ جگہ پر لگائیں۔

جوئیں

لیموں کے جوس میں لہسن کا رس ملا کر اور پانی ملا کر سر میں لگانے سے سر میں جوئیں مر جاتی ہیں۔

جادوئی پھکی

اک شاندار نسخہ دوستوں کی نظر کر رہا ہوں جلن تیزابیت گیس ٹربل منہ سے بدبو کا آنا پیٹ میں درد کھٹی ڈکاریں قے کا شافی علاج تحریر کر رہا ہوں، گھر میں خود بنائیں اور ان تمام بیماریوں سے جان چھڑائیں۔ اس نسخہ کی سب سے شاندار بات یہ ہے ہائی بلڈ پریشر کے مریض بھی بلا جھجک استعمال کر سکتے ہیں سالہا سال سے تجربے میں ہے الحمدللہ۔ نسخہ درج ذیل

اجوائن دیسی 250 گرام

آب لیموں 125 گرام

پودینہ گھر میں لائیں پتے توڑیں اور خود خشک کریں خشک ہونے کے بعد وزن ہو اک پاؤ

تیاری پھکی

اجوائن دیسی کو آب لیموں میں بھگو دیں اور دو یا تین دن کے لئے رکھیں اجوائن آب لیموں کو چوس لے گی اس کے بعد توے کو گرم کریں اور اجوائن کو اس پر بھون لیں یاد رکھیں اجوائن جلنے نہ پائے اس کے بعد اس کو اتاریں اور ٹھنڈا ہونے پر سفوف کریں اور پودینہ کے پتے جو الگ سے خشک ہوئے ہوں گے ان کو سفوف کر لیں اور مکس کر دیں لیں جی آپ کی جادوئی پھکی تیار ہے۔

مقدار خوراک

تین سے پانچ گرام بوقت ضرورت

اگر مرض ریگولر ہے تو تینوں وقت کھانے کے بیس منٹ بعد تین سے پانچ گرام کی مقدار آدھا چمچ چائے والا ہمراہ آب تازہ (پانی) لیں۔

حکیم عمر عطاری

حکیم عمر عطاری ہربل اسپشلسٹ اور ماہر علم الادویہ ہیں۔ حکیم صاحب سے رابطہ [email protected] پہ کیا جا سکتا ہے۔